مقبول فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے میڈیا سیکرٹری کی اسلام ٹائمز کیساتھ خصوصی گفتگو
ہدہد ڈرون آپریشن درحقیت غاصب صیہونی رژیم کے منہ پر مزاحمتی محاذ کا زور دار "انٹیلیجنس طمانچہ" ہے، ابومجاہد
11 Jul 2024 13:28
اسلام ٹائمز کیساتھ اپنی خصوصی گفتگو میں مقبول فلسطینی عوامی مزاحمتی گروہوں کے میڈیا سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ حزب اللہ لبنان کے ہدہد نامی ڈرون آپریشن نے غاصب صیہونی رژیم کے کان پر ایک زبردست "انٹیلیجنس طمانچہ" رسید کیا ہے، اور تاکید کی کہ اس انٹیلیجنس آپریشن کیبعد غاصب صہیونیوں کو احساس ہوا ہیکہ غیرقانونی صیہونی رژیم کی بزدل فوج ان کی غیرقانونی یہودی بستیوں کی حفاظت ہرگز نہیں کر سکتی!!
اسلام ٹائمز۔ مقبول فلسطینی عوامی مزاحمتی گروہوں کے میڈیا سیکرٹری محمد البریم ابو مجاہد نے غاصب صیہونی رژیم کے خلاف انجام پانے والے حزب اللہ لبنان کے ہدہد ڈرون آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے اپنے اس اعلی انٹیلیجنس آپریشن کے ذریعے غاصب صیہونی دشمن کو ایک مضبوط اور سخت "انٹیلیجنس طمانچہ" رسید کیا ہے؛ اس طرح سے کہ اس زوردار طمانچے نے غیرقانونی صیہونی رژیم کو غیرقانونی یہودی آبادکاروں اور اس کے مذموم اتحادیوں کے سامنے ذلت آمیز صورتحال سے دوچار کر دیا ہے!
نمائندہ اسلام ٹائمز معصومہ فروزان کے ساتھ گفتگو میں محمد البریم ابو مجاہد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم بھی اس وقت اس بات پر یقین کرنے پر مجبور ہو چکی ہے کہ اس کی فوج کسی بھی اہم و اسٹریٹجک مقام کی حفاظت کی ذرہ برابر صلاحیت نہیں رکھتی۔
فلسطینی مزاحمتی محاذ کے سینئر رکن و میڈیا سیکرٹری نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ حزب اللہ لبنان کی پاس "ہدہد" کی کامیاب واپسی کی خبروں نے مجرم صہیونیوں کے دلوں میں انتہائی خوف و دہشت پیدا کر رکھی ہے کیونکہ وہ مزاحمت اور اس کے کیمرے کی آنکھ کے سامنے خود کو کمزور، ذلیل و حقیر پاتے ہیں اور اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ یہ "ہدہد" کہ جس کا آج، تمام صہیونی دفاعی نظام کھوج تک نہیں لگا سکے اور نہ ہی پہلے کبھی لگا سکے تھے؛ ایک ایسا عقاب بھی ثابت ہو سکتا ہے کہ جو اس غیرقانونی رژیم پر آ جھپٹے گا اور اس کے فوجی اڈوں سمیت اس کی تمام شہری، اقتصادی و اسٹریٹیجک تنصیبات کو تباہ و برباد ڈالے گا!!
انہوں نے کہا کہ یہی خوف ہے کہ جس کے باعث حقیقی معرکہ آرائی کے میدان میں اس غیرقانونی صیہونی رژیم کی کمزور، شش و پنج میں مبتلاء، بے بس اور ناکام بنیادیں بری طرح سے لرز رہی ہیں!
ابو مجاہد نے تاکید کی کہ ہدہد آج جو کچھ لایا ہے وہ نہ صرف کسی خبر یا تصویر سے کہیں بڑھ کر ہے بلکہ وہ ایک انتہائی مضبوط پیغام ہے کہ جو قوت، عزم و مزاحمت کے ارادے سے بھرپور اور اس نوید پر مبنی ہے کہ مزاحمت مکمل طور پر تیار ہے!
انہوں نے کہا کہ اس اعلی انٹیلیجنس آپریشن کے ذریعے مزاحمت کا پیغام یہ ہے کہ (اے غاصب صیہونیو!) تمہارے کارخانے، تمارے ٹاور، تمہارے ہوائی اڈے اور جو کچھ بھی تمہاری غیرقانونی بستیوں میں موجود ہے؛ وہ سب کچھ اسلامی مزاحمت کے میزائلوں و ڈرون طیاروں کے نشانے پر ہے!!
اپنی گفتگو کے آخر میں محمد البریم ابومجاہد نے تاکید کی کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ اسٹریٹجک مساوات کو مستحکم کیا جائے اور یہ وقت؛ غیرقانونی صیہونی رژیم کے بھٹکنے اور گمراہیوں کی دلدل میں دھنس جانے کا وقت ہے۔۔ اب "عظیم تباہی" (اسرائیل کے خاتمے) کا وقت آن پہنچا ہے!!
خبر کا کوڈ: 1147102