کوئٹہ میں زیادہ قیمت لینے والے ٹینکر مالکان کیخلاف کارروائی ہوگی، ضلعی انتظامیہ
11 Jul 2024 11:40
ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں واٹر ٹینکر کے ریٹ مقرر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریٹ سے زیادہ پیسے مانگنے والے ٹینکر مالکان کیخلاف شکایت کی جائے۔
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے شہر میں ٹینکروں کیلئے علاقہ وائز ریٹ مقرر کرتے ہوئے عوام سے زیادہ پیسے وصول کرنے والے ٹینکر مالکان کے خلاف شکایت کرنے کی اپیل کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کے ٹینکر کی قیمت 1200 سے 2500 روپے تک مقرر کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق علمدار روڈ، مری آباد، گلستان روڈ و ملحقہ علاقوں میں فی ٹینکر پانی 22 سو روپے، جبکہ ارباب کرم خان روڈ، بروری روڈ، وحدت کالونی و ملحقہ علاقوں میں فی ٹینکر پانی کی قیمت 18 سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح کوئٹہ کے مرکزی علاقوں جناح روڈ، میزان چوک، پرنس روڈ و ملحقہ علاقوں میں 2 ہزار روپے، سرکی روڈ و ملحقہ علاقوں میں 17 سو روپے، نیچاری روڈ، بلوچی اسٹریٹ، میکانگی روڈ و ملحقہ علاقوں میں 15 سو روپے، اسپینی روڈ، خروٹ آباد، اولڈ پشین اسٹاپ و ملحقہ علاقوں میں 18 سو روپے، جناح ٹاﺅن، شہباز ٹاﺅن، کلی عالموں و ملحقہ علاقوں میں فی ٹینکر پانی 2 ہزار روپے، ایئر پورٹ روڈ، چمن ہاﺅسنگ و ملحقہ علاقوں میں 25 سو روپے، نواں کلی، واپڈا کالونی، زرغون ہاﺅسنگ اسکیم و ملحقہ علاقوں میں 2 ہزار روپے، سیٹلائٹ ٹاﺅن، جتک اسٹاپ، میں فی 15 سو روپے، موسیٰ کالونی میں 12 سو روپے، جبکہ سریاب روڈ، برمہ ہوٹل و ملحقہ علاقوں میں 15 سو روپے مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کشمنر آفس میں ٹینکر مالکان کی جانب سے زیادہ روپے طلب کرنے شکایات موصول ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ: 1147077