QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کابینہ اجلاس، محرم الحرام میں سکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے پر اتفاق

9 Jul 2024 19:57

صوبائی کابینہ اجلاس میں لینڈ ریفارم بل اور لینڈ لیز پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کیبنٹ کی سلیکٹ کمیٹی کو ریفر کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان کی زیر صدارت کابینہ کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ کے مشیر و معاون خصوصی اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی، جبکہ وزیر تعمیرات سید امجد زیدی  بزریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ کابینہ اجلاس میں نیشنل فرانزک اینڈ سائبر کرائم ایجنسی (NFCA) 2024ء بل کے مسودے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔اجلاس میں محرم الحرام میں حفاظتی اقدامات و سیکیورٹی کیلئے آرمڈ فورسز اور سول آرمڈ فورسز  طلب کرنے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔
 
کابینہ اجلاس میں محکمہ صحت اور شائننگ لائٹس کمیونٹی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SALCEDO) کے مابین ایم او یو کو مزید مشاورت کیلئے کابینہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا اور مائننگ کنسیشن رولز میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ اجلاس میں لینڈ ریفارم بل اور لینڈ لیز پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کیبنٹ کی سلیکٹ کمیٹی کو ریفر کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی میں امن وامان کے حوالے سے علمائےکرام، میڈیا، معاشرے کے ذمہ دار افراد اور تمام طبقہ جات نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔ 
 
گلگت  بلتستان کے امن اور استحکام کیلئے سب کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ گلگت بلتستان کسی قسم کی سازشوں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، نقص امن میں ملوث عناصر کیخلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کو بھی حکومتی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گلگت بلتستان میں جاری تعمیر اور ترقی کے منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو متاثر نہیں ہونے دیا جائیگا۔ خطے میں امن و استحکام سے ہی ترقی کی راہیں کھلیں گی اور معاشرے کے تمام طبقات اور مکاتب فکر میں پر امن  بقائے باہمی میں ہی خطے کا روشن مستقبل مضمر ہے۔ 
 
انہوں نے مزید کہا کہ مائننگ کیلئے جنھوں نے لیزز لیکر کام شروع نہیں کیا ہے، ان کے لیزز فوری طور پر منسوخ  کیئے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے بھی اس امر کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں پوری کابینہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے مل کر کام کرے گی اور عوام کو موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کے مثبت ثمرات جلد نظر آئیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1146741

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1146741/گلگت-بلتستان-کابینہ-اجلاس-محرم-الحرام-میں-سکیورٹی-کیلئے-فوج-تعینات-کرنے-پر-اتفاق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com