پوری طاقت کیساتھ مقاومت کی حمایت جاری رکھیں گے، نو منتخب ایرانی صدر کا سید حسن نصر الله کو پیغام
8 Jul 2024 19:59
اپنے ایک پیغام میں مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ علاقائی مقاومتی تحریکیں اس بات کی اجازت نہیں دیں گی کہ صیہونی رژیم، فلسطینی عوام کیخلاف اپنی جنگجویانہ اور مجرمانہ پالیسی جاری رکھ سکے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر "مسعود پزشکیان" نے لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله" کے سربراہ "سید حسن نصر الله" کے نام ایک پیغام جاری کیا۔ اس پیغام کا متن کچھ یوں ہے۔
جناب سید حسن نصر الله
سیکرٹری جنرل حزب الله لبنان
سلام اور بہت زیادہ شکریہ کے ساتھ، ایرانی صدر منتخب ہونے کے بعد مجھے آپ کا محبت آمیز اور قیمتی پیغام ملا۔ اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے صیہونی رژیم کے مقابلے میں علاقائی عوام کی مقاومت کی حمایت کرتا آ رہا ہے۔ مقاومت کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی پالیسیوں، امام خمینی (ره) کے نظریات اور رہبر معظم کے رہنماء اصولوں سے جڑی ہے، نیز یہ حمایت ایسے ہی جاری رہے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ علاقائی مقاومتی تحریکیں اس بات کی اجازت نہیں دیں گی کہ صیہونی رژیم، فلسطینی عوام کے خلاف اپنی جنگجویانہ اور مجرمانہ پالیسی جاری رکھ سکے۔ میں آپ کی مخلصانہ دعاؤں کا شکر گزار ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ سے آپ کے لیے مزید عزت و سربلندی، لبنان کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی اور مقاومت کے بے مثال مجاہدین کی کامیابی کے لئے دعاگو ہوں۔
مسعود پزشکیان
نو منتخب صدر
خبر کا کوڈ: 1146527