QR CodeQR Code

بی جے پی اور آر ایس ایس نے تعلیمی مافیا کو فروغ دیا ہے، کانگریس صدر

7 Jul 2024 07:29

ملکارجن کھرگے نے کہا کہ چاہے ’این سی ای آر ٹی‘ کی کتابیں ہو یا امتحانات میں لیک ہونا، مودی حکومت ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اہلیت و داخلہ ٹیسٹ (NEET) UG 2024 امتحان پر جاری تنازعہ کے درمیان کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بی جے پی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی و آر ایس ایس نے انتظامیہ پورے تعلیمی نظام کو اپنے کنٹرول میں لے کر ایک ’تعلیمی مافیا‘ کو فروغ دیا ہے۔ ملکارجن کھرگے نے NEET UG کے دوبارہ امتحان کے مطالبہ کو بھی دہرایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملکارجن کھرگے نے لکھا ہے کہ مودی حکومت نے معزز سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ NEET-UG میں کوئی پرچہ لیک نہیں ہوا ہے، یہ کھلا جھوٹ لاکھوں نوجوانوں سے بولا جا رہا ہے، ان کا مستقبل برباد کیا جا رہا ہے۔ وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ بے ضابطگیاں و دھوکہ دہی صرف چند جگہوں پر ہوئی ہے، یہ گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی و آر ایس ایس نے پورے تعلیمی نظام کو اپنے کنٹرول میں لے کر تعلیمی مافیا کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ چاہے این سی ای آر ٹی کی کتابیں ہو یا امتحانات میں لیک ہونا، مودی حکومت ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ مودی حکومت اپنی بداعمالیوں سے بچ نہیں سکتی۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ NEET-UG 2024 کے امتحان میں بڑے پیمانے پر رازداری کی خلاف ورزی کے ثبوت نہ ہونے پر پورے امتحان کو ختم کرنا معقول نہیں ہوگا۔ وزارت تعلیم نے کہا کہ 5 مئی کو منعقد ہونے والے NEET-UG امتحان کو مکمل طور پر ختم کرنا ان لاکھوں ایماندار امیدواروں کو سنگین طور پر خطرے میں ڈالے گا جنہوں نے 2024ء میں سوالیہ پرچہ دینے کی کوشش کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 1146228

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1146228/بی-جے-پی-اور-ا-ر-ایس-نے-تعلیمی-مافیا-کو-فروغ-دیا-ہے-کانگریس-صدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com