پاکستان کیساتھ جغرافیائی سروے اور نقشہ سازی سمیت 23 دستاویزات پر دستخط ہوئے، چین
11 Jun 2024 22:08
ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسلام ٹائمز۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی بھرپور حمایت، تعاون پر مبنی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کیا جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ مسلسل گہری ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ اپنے اپنے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ فریقین نے پاکستان کی قومی ترقی کے فروغ اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ ترجمان چینی دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے ایک بار پھر 26 مارچ کے داسو دہشت گرد حملے میں چینی اہلکاروں کی ہلاکت پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں سخت سزا دے گی اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ دورے کے دوران فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، زراعت، صنعت، بین الحکومتی معاونت، مارکیٹ کی نگرانی، جغرافیائی سروے اور نقشہ سازی، میڈیا، فلم اور ٹیلی ویژن وغیرہ سے متعلق تعاون کی 23 دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے شینزین، شیان اور دیگر شہروں کا بھی دورہ کیا، انہوں نے چین کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔
خبر کا کوڈ: 1141141