مسلمان ممالک اور حکمرانوں کو کھل کر فلسطین کی حمایت کرنی چاہئے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
11 Jun 2024 21:05
اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ قابض اسرائیل مسلسل فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کر رہا ہے۔ غزہ میں قابض ناجائز صیہونی ریاست نے تمام جنگی جرائم سرانجام دیئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے نائب صوبائی صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کا ہے۔ اقوام عالم انسانیت کی خاطر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم بعض مسلم حکمرانوں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ مسلمان ریاستوں اور انکے حکمرانوں کو کھل کر فلسطین کی حمایت کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل مسلسل فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کر رہا ہے۔ غزہ میں قابض ناجائز صیہونی ریاست نے تمام جنگی جرائم سرانجام دیئے ہیں۔ رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا، ممنوعہ گیسز کا استعمال، خواتین و بچوں کا قتل عام، اسکولوں اور ہسپتالوں پر حملے اور پناہ گزینوں کے کیمپس کو بھی نہیں بخشا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے اپنے وحشانہ اقدامات سے انسانیت کی تذلیل کی۔ جس پر دنیا بھر کے باضمیر افراد حتیٰ کہ غیر مسلم طلباء بھی فلسطین کی آواز سن کر نکلیں اور اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ مگر حیرت ہے کہ اپنے مسلمان بھائیوں، بہنوں اور بچوں کی چیخ و پکار ہمارے حکمرانوں کو نہیں سنائی دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک میں عزت و مرتبہ رکھنے والا ملک ہے۔ فلسطینی عوام کو ہم سے بہت امیدیں تھیں۔ مگر ہم بھی انکی امیدوں پر پورا نہ اتر سکیں۔ عالمی قیام امن میں پاکستان ایک موثر کردار ادا کر سکتا تھا۔ حکمران مسئلہ فلسطین بلخصوص غزہ میں جاری ظلم و ستم کے معاملے پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی ترجمانی کرے اور مظلوم فلسطینیوں کی صدا پر لبیک کہیں۔
خبر کا کوڈ: 1141118