النصیرات کیمپ میں غاصب اسرائیلی رژیم کے بھیانک جرائم، 210 فلسطینی شہری شہید
9 Jun 2024 21:37
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہیکہ غزہ کی پٹی کے مرکز میں واقع النصیرات کیمپ میں غاصب صیہونی رژیم کے حالیہ بھیانک جرائم میں 210 عام فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع النصیرت کیمپ میں غاصب صیہونی رژیم کے نئے جرائم میں شہید ہونے والے عام فلسطینی شہریوں کی تعداد 210 بتائی ہے۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق غزہ کے مرکز میں واقع شہدائے الاقصی ہسپتال کے ارد گرد غاصب اسرائیلی فوج کی جانب سے کئے گئے توپخانے کے تازہ حملوں میں بھی کم از کم 30 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی خبر رساں ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ غزہ کے مرکز میں واقع النصیرات کیمپ اور اس کے اردگرد انجام پانے والے غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے نتیجے میں 80 عام فلسطینی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی شہری دفاع کے مطابق النصیرات کیمپ میں غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے بعد سے متعدد شہداء کی لاشیں ملبے تلے دبی اور گلیوں میں کھلی پڑی ہیں جبکہ ہونے والی وسیع تباہی کے باعث امدادی کارکنوں کے لئے وہاں تک پہنچنا ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ: 1140677