آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ ہر قسم کی سبسڈی ختم کرکے بجلی اور گیس کے نرخ بڑھائے جائیں، شیخ عثمان فاروق
9 Jun 2024 16:09
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے حواری اسرائیل کی سرپرستی سے باز آئیں اور نوشتہ دیوار پڑھ لیں بصورت دیگر فلسطین کا انسانی المیہ پوری دنیا کے امن کو تاراج کرنے کا ذریعہ بنے گا۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکمران 24 ویں بار آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوکر 8 بلین ڈالرز کا قرضہ مانگ رہے ہیں اور یہ قرضہ ایک بار پھر عوام پر مہنگائی، بیروزگاری کا بم بن کر گرے گا۔ جامع العلوم میں جنوبی پنجاب کے رہنماء مولانا انعام اللہ جامعی، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر محمد حسان اخوانی، شیخ اسرار حسین ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی ملتان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ ہر قسم کی سبسڈی ختم کرکے بجلی اور گیس کے نرخ اس کی منشاء کے مطابق بڑھائے جائیں اور خوراک، ادویات اور سٹیشنری پر دس فیصد مزید ٹیکسز عائد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کیطرف سے 12900 ارب روپے کے ٹیکسز لگانے اور ٹیکس نیٹ میں 60 لاکھ لوگوں کو لانے کے مطالبات واضح کررہے ہیں کہ بے بس اور لاچار حکمران عوام کو زندہ درگور کرنے کا پلان سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد ملک بھر میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بڑی رابطہ عوام مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی درندگی اور دہشت گردی کے تازہ واقعات میں 250 بچوں خواتین اور فلسطینیوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواری اسرائیل کی سرپرستی سے باز آئیں اور نوشتہ دیوار پڑھ لیں بصورت دیگر فلسطین کا انسانی المیہ پوری دنیا کے امن کو تاراج کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کے حل اور سیز فائر کیلئے فوری اور ضروری اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ: 1140623