دوحہ اجلاس کا ایجنڈا سب کیلئے قابل قبول ہونا چاہیئے، امیر خان متقی
8 Jun 2024 22:56
افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن (یوناما) کی سربراہ کیساتھ ملاقات میں طالبانی وزیر خارجہ نے تاکید کی ہیکہ دوحہ کے تیسرے اجلاس کا ایجنڈا اسمیں شریک تمام فریقوں کیلئے قابل قبول ہونا چاہیئے
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن (UNAMA) کی سربراہ روزا اوتن بائیفا نے طالبانی وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں دوحہ کے تیسرے اجلاس کی تفصیلات اور اس اجلاس کے انعقاد کے لئے ضروری انتظامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر یوناما کی سربراہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم اب بھی دوحہ اجلاس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور مذکورہ ایجنڈے کو اجلاس میں شریک تمام فریقوں کے لئے قابل قبول بنانے کی کوشش میں ہے۔
روزا اوتن بائیفا نے مزید کہا کہ یوناما تیسرے دوحہ اجلاس کے تازہ ترین ایجنڈے کے بارے افغان فریق کی آراء سننا چاہتی ہے جبکہ اس کے حتمی ہو جانے کے بعد تمام شرکاء کو باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔
مذکورہ اجلاس کے ایجنڈے کے تمام فریقوں کے لئے قابل قبول ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امیر خان متقی نے کہا کہ افغان حکومت نے دوحہ کے تیسرے اجلاس کے حوالے سے اپنا موقف سب کے ساتھ شیئر کیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ: 1140521