صیہونی جو بھی حماقت کریں گے اسکا خمیازہ واشنگٹن کو بُھگتنا پڑیگا، النُجَباء
8 Jun 2024 21:35
اپنے ایک بیان میں شیخ علی الاسدی کا کہنا تھا کہ استقامتی مراکز اور عراقی شخصیات پر کسی بھی غاصب صیہونی ریاست کے احمقانہ اقدام کا سخت ترین جواب آئے گا۔
اسلام ٹائمز۔ عراق کی مقاومتی تحریک "النُجَباء" نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز صیہونی رژیم کی کسی بھی حماقت کے اثرات تل ابیب کے ساتھ ساتھ واشنگٹن پر بھی مرتب ہوں گے۔ النُجَباء کی پولیٹیکل کونسل کے سربراہ "شیخ علی الاسدی" نے عراقی مقاومتی فورسز پر صیہونی حملوں کے خطرے کے بارے میں کہا کہ امریکی حمایت و ہم آہنگی کے بغیر عراق کی اسلامی مقاومت پر کوئی حمہ نہیں ہو سکتا۔ شیخ علی الاسدی نے کہا کہ استقامتی مراکز اور عراقی شخصیات پر کسی بھی غاصب صیہونی ریاست کے احمقانہ اقدام کا سخت ترین جواب آئے گا جو اسرائیل کے علاوہ امریکہ پر بھی اثر انداز ہو گا۔ ہم امریکہ کو اس لئے نشانہ بنائیں گے کیونکہ اس کے پاس ہماری فضائی حدود کا کنٹرول حاصل ہے اور وہ کسی بھی ایسے حملے کے اجراء میں اسرائیل کی مدد کر سکتا ہے۔ النُجَباء کی پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ عراق کے استقامتی فرنٹ پر صیہونی رژیم کی وقتاََ فوقتاََ دھمکیوں کا مقاومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہم اسلام کے دشمنوں سے مقابلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ عراق کا مقاومتی بلاک ہمیشہ فلسطین کاز کا حامی رہے گا۔
خبر کا کوڈ: 1140511