QR CodeQR Code

عمر عبداللہ نے مودی حکومت سے جماعت اسلامی کشمیر پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ دہرایا

16 May 2024 20:28

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے کہا کہ یہ خبر آئی ہے کہ جماعت اسلامی دوسری پارٹیوں کیساتھ ملکر الیکشن لڑنا چاہتی ہے لیکن بہتر یہ ہوگا کہ وہ اپنے امیدوار کھڑا کریں اور الیکشن میں شرکت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ کالعدم قرار دی گئی جماعت اسلامی کشمیر کے امیدوار مستقبل میں اسمبلی انتخابات میں شمولیت کریں۔ عمر عبداللہ نے کہا ’’میں بھارتی حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ جو جماعت اسلامی کشمیر پر پابندی لگا دی گئی ہے، اس کو ہٹا دیا جائے تاکہ ہم بھی دیکھیں کہ کس میں کتنی صلاحیت ہے کہ لوگوں کو اکھٹا کر سکے اور ان کے لئے کام کرسکے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جو اسمبلی انتخابات ہیں اس میں معلوم ہوگا کہ جماعت اسلامی کشمیر کیا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیچ بیچ میں یہ خبر آئی ہے کہ جماعت اسلامی دوسری پارٹیوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنا چاہتی ہے لیکن بہتر یہ ہوگا کہ وہ اپنے امیدوار کھڑا کریں اور الیکشن میں شرکت کریں۔ آپ کو بتادیں کہ جماعت اسلامی کشمیر کو 2019ء میں ہوئے پلوامہ خودکش حملوں کے بعد کالعدم قرار دیا گیا تھا اور ان پر اس وقت پانچ سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی جس میں مزید پانچ برسوں کی توسیع کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جماعت اسلامی کشمیر کے کئی سرکردہ لیڈران اس وقت جیلوں میں قید ہیں اور ان کے کارکنان دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بکھر گئے ہیں، ان کے اثاثوں و اداروں کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1135538

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1135538/عمر-عبداللہ-نے-مودی-حکومت-سے-جماعت-اسلامی-کشمیر-پر-پابندی-ہٹانے-کا-مطالبہ-دہرایا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com