پارلیمانی انتخابات کے بیچ بھارتی وزیرداخلہ امت شاہ کا آج کشمیر کا دورہ کرینگے
16 May 2024 09:03
حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امت شاہ سول سوسائٹی اراکین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں سمیت مختلف وفود سے ملاقات کرینگے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینیئر حکام کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج شام جموں و کشمیر کے ضلع سرینگر پہنچیں گے۔ حکام کو امت شاہ کے شام 6 بجے سرینگر پہنچنے کی توقع ہے۔ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو امت شاہ سول سوسائٹی اراکین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں سمیت مختلف وفود سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ پہاڑی برادری کے نمائندے بھی ان سے ملنے والے ہیں، بعد ازاں وہ جمعہ کی شام کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ امت شاہ کے اچانک کشمیر دورے کے بارے میں حکام نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ امت شاہ کا سرینگر کا یہ دورہ ملک بھر میں جاری پارلیمانی انتخابات کے بیچ ہو رہا ہے۔
قابل ذکر یہ ہے کہ بی جے پی نے وادی کشمیر کی تینوں نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کو نامزد نہیں کیا، جہاں سرینگر پارلیمانی حلقہ کے لئے پولنگ 13 مئی کو ہوئی تھی وہیں سات مرحلوں والے پارلیمانی انتخابات میں بارہمولہ اور اننت ناگ راجوری حلقوں کے لئے بالترتیب 20 مئی (پانچواں مرحلہ) اور 25 مئی (چھٹا مرحلہ) کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی لداخ پارلیمانی سیٹ کے لئے بھی 20 مئی کو پولنگ ہوگی۔ تاہم عام انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون 2024ء کو متوقع ہے۔ سرینگر پارلیمانی نشست پر 38.49 فیصد ووٹ ڈالے گئے جو کہ پارلیمانی انتخابات میں 1989ء کے بعد سے دوسرے نمبر پر ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ شمالی اور جنوبی کشمیر کی پارلیمانی نشستوں پر سرینگر کے مقابلے میں زیادہ فیصد ووٹنگ ہوگی۔
خبر کا کوڈ: 1135409