بی جے پی 190 تا 195 سیٹوں پر سمٹ جائے گی، ممتا بنرجی
13 May 2024 21:09
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی سی اے اے اور این آر سی کو لے کر سیاست کر رہی ہے، ان سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بنرجی نے پیر کو اس وقت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی جب یہاں پارلیمانی انتخابات 2024ء کے پانچویں مرحلے کے دوران ترنمول کانگریس کے امیدوار بسواجیت داس کے لئے ایک ریلی سے خطاب کیا۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ 315 سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ ملک میں اقتدار میں آ رہا ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے اس بار 400 سے پار کے نعرے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین مرحلوں میں جو کچھ ہوا، وہ بی جے پی کے لئے برا ہے، یہ آگے پیچھے ہوتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے سوال کیا ہے کہ کیا آپ نے نہیں کہا، اس بار 400 سے پار، اگر آپ دو سو پار نہیں کر سکتے تو 400 سیٹوں تک کیسے پہنچیے گا، اس بار انڈیا اتحاد جیتے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل تک کے ہمارے حساب کے مطابق بی جے پی 190 سے 195 کے درمیان سمٹ جائے گی، ہماری پارٹی مرکز میں نئی حکومت بنانے والوں کے ساتھ رہے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی سی اے اے اور این آر سی کو لے کر سیاست کر رہی ہے، ان سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی ملک شہری ہے، میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے حقوق کو زبردستی چھیننے نہیں دوں گی۔
خبر کا کوڈ: 1134793