QR CodeQR Code

افغان طالبان نے پاکستانی وفد کا دورہ منسوخ کر دیا

13 May 2024 11:10

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ درمیانے درجے کے افسروں پر مشتمل ایک وفد نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے معاملہ کو حل کرنے کے حوالے سے گذشتہ روز قندھار جانا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانے کو پکتیکا میں نشانہ بنائے جانے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے افغان طالبان نے پاکستانی فوج کے ایک وفد کا قندھار کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ افغانستان کی حدود میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر حملہ کرنے یا کسی پاکستانی وفد کے اتوار کے روز قندھار جانے کے منسوخ کیے جانے کے حوالے سے پاکستان نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ فوج کے میڈیا ونگ نے بھی ان دونوں معاملات پر کسی پیش رفت پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ طالبان نے بھی اب تک پکتیکا میں مبینہ پاکستانی حملے یا پاکستانی وفد کے دورے پکتیکا کی منسوخی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ درمیانے درجے کے افسروں پر مشتمل ایک وفد نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے معاملہ کو حل کرنے کے حوالے سے گذشتہ روز قندھار جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق وفد نے قندھار کے گورنر اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے نائب سربراہ ملا شیرین اخوند سے ملاقات کرنا تھی۔ ملا شیرین کو طالبان سپریم لیڈر ہبۃ اللہ اخوند زادہ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ وہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان بات چیت کے لیے مدد کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ قبل ازیں اسی سال انھوں نے اسلام آباد کا دورہ بھی کیا تھا۔ اب پاکستانی وفد کے دورے کو اسی دورے کا فالو اپ سمجھا جا رہا تھا۔ کچھ افغان صحافیوں نے جمعہ کو رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان نے ٹی ٹی پی کے مخصوص دہشتگرد کو مارنے کے لیے پکتیکا میں حملہ کیا تھا۔ پاکستان نے کسی ایسے حملے کی تصدیق نہیں کی تھی۔ اب ایک افغان میڈیا آؤٹ لیٹ ’’دا افغانستان انٹرنیشنل‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے پاکستانی فضائی اور میزائیل حملے کے جواب میں پاکستانی وفد کا قندھار کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1134688

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1134688/افغان-طالبان-نے-پاکستانی-وفد-کا-دورہ-منسوخ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com