سویڈن، امریکہ کی یونیورسٹی میں قرآن پاک کی حالیہ بے حرمتی پر عالمِ اسلام سراپا احتجاج ہے، علامہ فاروق سعیدی
13 May 2024 01:28
سنی تحریک کے زیراہتمام نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ سویڈن اور امریکہ میں قرآن پاک کی حالیہ بے حرمتی پر سربراہانِ مملکت اسلامیہ کیوں خاموش ہیں، عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور غیرت ایمانی کا ثبوت دیں، اسرائیل ایک ناجائز قبضہ ہے جو اسلام دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک ملتان کے زیراہتمام سویڈن مردہ باد احتجاجی مظاہرہ اور اسرائیل مردہ باد ریلی کی قیادت علامہ فاروق خان سعیدی، مرزا محمد ارشدالقادری، شیخ الحدیث مفتی محمد امین سعیدی، علامہ سعید اختر قادری، علامہ طاہر رضا قادری، و دیگر علماء و مشائخ اہلِ سنت نے کی۔ علامہ فاروق خان سعیدی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن اور امریکہ میں قرآن پاک کی حالیہ بے حرمتی پر سربراہانِ مملکت اسلامیہ کیوں خاموش ہیں؟ عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور غیرت ایمانی کا ثبوت دیں، اسرائیل ایک ناجائز قبضہ ہے جو اسلام دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا تھا، 55000 فلسطینی مسلمانوں کا خون 57 اسلامی ممالک کے سربراہان کی گردن پر قرض ہے۔
مرزا محمد ارشدالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور اس کے حواری ممالک کی غنڈہ گردی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، یادرکھئے ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، سویڈن بارہا قرآن پاک کی بے حرمتی (جلانا) کرچکا ہے، ایک مرتبہ پھر اس ملک سویڈن کے کافروں نے 17اپریل 2024ء کو حکومتی سیکیورٹی کے حصار میں عین نماز کے وقت مسجد کے سامنے قرآن پاک کے نسخے کو جلایا اور اس کے بعد 11مختلف جگہوں پر مزید قرآن پاک جلائے، امریکہ کی یونیورسٹی میں بھی ایک بدبخت ملعونہ عورت نے قرآن کریم کی بے حرمتی کی، ہم بھرپور مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں اور یاد دلاتے ہیں کہ آپ نے ابھی کچھ عرصہ قبل پچھلے ٹینور میں سویڈن کو کہا تھا کہ آئندہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی تو اب آپ عالم اسلام پر شفقت فرمائیے اور سویڈن کو قرآن پاک کی بے حرمتی پر جوابی سخت ردعمل کا اظہار فرمائیے۔
خبر کا کوڈ: 1134606