6 اپریل کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہوگا
1 Apr 2024 11:11
ضلعی صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ قیدی نمبر 804 کی کال پر چھ اپریل بوقت 10 بجے اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور شرکت کریں گے۔
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعطم صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار قیوم نیازی کی کال پر چھ اپریل کو اسلام اباد پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا جو پاکستان میں ایک نئی تاریخ کی بنیاد رکھے گا، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف مظفرآباد سید اظہر گیلانی نے ڈور ٹو ڈور جلسہ میں شرکت کیلئے مہم شروع کر دی، تمام تحریک انصاف آزاد کشمیر کے کارکنان، خواتین ونگ، یوتھ ونگ، انصاف سپورٹ اینڈ کلچر ونگ، لیبر ونگ، آئی ایس ایف، نئے پرانے تمام عہدے داران سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ سید اظہر گیلانی نے کہا ہے کہ قیدی نمبر 804 کی کال پر چھ اپریل بوقت 10 بجے اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور شرکت کریں گے، ہم عمران خان کے اوپر من گھڑ کیس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فارم 47 کی پیداوار دھاندلی زدہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گی۔
فارم 47 کی پیداوار حکومت کو انٹرنیشنل سطح پر لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان سے عمران خان کا چھینے اور چراے گیے مینڈیٹ والی حکومت ہے، ایسے میں مسئلہ کشمیر پر بھی ناقابل تلافی اثرات مرتب ہو رہے ہیں کیونکہ کشمیریوں کے لیے ایک مضبوط حکومت اور ایک مضبوط شخصیت کی پاکستان کو ضرورت ہے، وہ صرف ایک ہی عمران خان ہیں جن کی بات کو دنیا جانتی اور سمجھتی ہے، جس کی شخصیت کو دنیا پہچانتی ہے اور اس سے پاکستان کا وقار بھی بلند ہو گا۔ سید اظہر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں کا بھی وقار بلند ہو گا، آج اداروں سمیت ہمارے ملک کی عدلیہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں کہ ہم پر بھی مختلف طرح کی پابندیاں ہیں، انتظامیہ اس سے پہلے ہی ہاتھ کھڑا کر چکی ہے، تو ایسے میں ہم کشمیری مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان قیدی نمبر 804 کو فوری رہا کرے اور چھینا ہوا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
خبر کا کوڈ: 1126192