مسلم ممالک غزہ میں امن کے قیام کے لیے فوج بھیجیں، سردار عتیق
1 Apr 2024 10:55
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ کشمیر فلسطین یکجہتی فورم کے چیئرمین اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق رہنما عبدالرشید ترابی نے اسلام آباد میں کشمیر و فلسطین یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کا 70 فیصد حصہ بمباری سے تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40ہزار فلسطینی شہید اور 76ہزار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجی فلسطینی ڈاکٹروں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں گرفتار کر کے شہید کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر قدومی نے کہا کہ جنگ میں امریکہ کے جدید ہتھیار استعمال ہو رہے ہیں، 22 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہیں، رفح کراسنگ پر روزانہ 1000ٹرکوں کی ضرورت ہے اور 40 ٹرکوں کو وہاں سے گزرنے دیا جا رہا ہے جو ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھوک کو فلسطینیوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی پوری امت کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک غزہ میں امن کے قیام کے لیے فوج بھیجیں، اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عبدالرشید ترابی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہم سب کو اکٹھا کیا۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ کشمیری اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطین کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کشمیر فلسطین یکجہتی کانفرنس سے آصف لقمان قاضی، غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین، راجہ خالد، جاوید عارف عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ: 1126190