یوم علیؑ پر مجالس اور جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، بلال صدیق
31 Mar 2024 09:25
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ علماء کرام رواداری اور افہام و تفہیم کے رویوں کو فروغ دیں۔ منتظمین کے تعاون سے جلوس کے شرکاء کی چیکنگ کے عمل کو موثر بنایا جائے گا، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ہرگز جلوس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اسلام ٹائمز۔ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے جلوس کے سلسلہ میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران یومِ علیؑ کے موقع پر قیامِ امن، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ یومِ علی کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔ سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ یوم علیؑ پر مجالس اور جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، علماء کرام رواداری اور افہام و تفہیم کے رویوں کو فروغ دیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ منتظمین کے تعاون سے جلوس کے شرکاء کی چیکنگ کے عمل کو موثر بنایا جائے گا، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ہرگز جلوس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سی سی پی او نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار مشکوک افراد، سامان اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں، ماتمی جلوس کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے عزاداری جلوس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل، ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر و دیگر نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ: 1126014