کسان کارڈ پر نو ازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
30 Mar 2024 18:56
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کیلئے استعمال نہیں ہو سکتے، کسان کارڈ پر قائد مسلم لیگ نون کی تصویر لگانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ کسان کارڈ پر مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری مشکور حسین نے وکیل کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی حکومت اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کیلئے استعمال نہیں ہو سکتے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ جاری کرنے سے روکے۔ کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نواز شریف سے وصول کئے جائیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک کسان کارڈ کی پرنٹنگ روکنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زیرِ صدارت زرعی اصلاحات پر منعقدہ اجلاس میں نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دی تھی۔
خبر کا کوڈ: 1125890