ایف آئی اے کی بلوچستان میں جعلی ادویات کی فروخت کیخلاف کارروائیاں جاری
29 Mar 2024 20:59
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی ادویات کی فروخت کیخلاف 33 مختلف کارروائیوں کے دوران 21 انکوائریاں درج کی گئیں، جبکہ بھاری مقدار میں جعلی ادویات قبضے میں لی گئیں۔
اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بلوچستان میں کریک ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کر لیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ایف آئی اے بلوچستان زون نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 33 چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں۔ جن میں ملوث ملزمان کے خلاف 21 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔ چھاپوں کے دوران بھاری تعداد میں جعلی ادویات قبضے میں لی گئی ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں بلوچستان زون کے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں کی گئیں۔ جن میں بھاری مقدار میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات برآمد کرکے، انکی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف 4 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔
اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ کی جانب سے ہزارگنجی کوئٹہ میں واقع اسٹور سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کر لی گئی۔ چھاپا مار کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈریپ حکام کے ساتھ مل کر سے عمل میں لائی گئی۔ جس میں 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔ برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک، پین کلر اور جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔ اسی طرح ایف آئی اے چمن نے پاور ہاؤس روڈ پر واقع 3 مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپا مار کارروائیاں کیں اور مختلف اسٹورز سے مشتبہ ادویات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا اور ملزمان کے خلاف انکوائریاں درج کرلی گئیں۔
خبر کا کوڈ: 1125691