دکی، بارش کے باعث چھت گرنے سے پانچ کانکن جانبحق
28 Mar 2024 19:18
مقامی مزدور کے مطابق رات کو کانکنی کرنے کے بعد صبح کان سے نکل کر کمرے میں سورہے تھے۔ چھت تلے دب جانے سے 5 مزدور جاں بحق ہوئے۔
اسلام ٹائمز۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع دکی میں معراج کول ایریا میں بارش کے باعث کمرے کا چھت گر گیا۔ جس میں چھت تلے دب کر 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق مزدوروں میں عنایت اللہ ولد موسیٰ جان قوم کاکڑ سکنہ کان میترزئی، ابراہیم ولد سراج الدین قوم کاکڑ سکنہ ژوب، ولی ولد عبداللہ جان، صدرالدین ولد ناصر اور ظفور ولد میجر اقوام موسی خیل ساکنان ضلع موسی خیل شامل ہیں۔مقامی مزدوروں نے بتایا کہ مزدور رات کو کانکنی کرنے کے بعد صبح کان سے نکل کر کمرے میں سورہے تھے۔ چھت تلے دب جانے سے 5 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔ جن کو مقامی مزدوروں نے دو گھنٹے بعد ملبے سے نکالا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کانکنوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضائع پر دلی رنج ہوا۔ مشکل کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1125466