کابل، ایرانی سفارتخانے کے مشیر ثقافتی امور کی افغان وزير تجارت کیساتھ ملاقات
27 Mar 2024 22:34
کابل میں ایرانی سفارتخانے کے مشیر ثقافتی امور و افغان وزیر تجارت نے اپنی ملاقات میں دونوں ممالک کیدرمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے فن و میڈیا کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے
اسلام ٹائمز۔ کابل میں ایرانی سفارتخانے کے مشیر ثقافتی امور سید روح اللہ حسینی نے افغان وزير صنعت و تجارت نورالدین عزیزی کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ثقافتی، سائنسی، صنعتی اور علمی صلاحیتوں کی وضاحت اور صنعت و تجارت کے میدان میں میڈیا و آرٹ کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سید روح اللہ حسینی کا کہنا تھا کہ ایران و افغانستان کی دونوں قوموں کے قریبی نقطہ نظر اور دونوں اقوام کی شاندار ثقافت کے سائے میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سائنسی میدان میں بھی گہرا باہمی تعاون برقرار ہو گا۔
یونیورسٹی کے ساتھ صنعت و تجارت کے بنیادی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے تجربات دوست و برادر ملک افغانستان کو پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔
صنعتی اور تجارتی ورکشاپس کے انعقاد، اسکالرشپ کے لئے موزوں حالات کی فراہمی اور سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کی تعمیر میں یونیورسٹی کے فعال کردار سمیت دونوں ممالک کی ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں اور اقتصادیات، انجینئرنگ و صنعت کی فیکلٹیز کو ''برادر'' قرار دیئے جانے کی زمینہ سازی کے ساتھ ساتھ معیشت، صنعت و تجارت وغیرہ کے شعبے میں مختصر و طولانی مدت کے تعلیمی کورسز کا انعقاد بھی دونوں جانب سے زیر بحث آنے والے دیگر موضوعات میں شامل تھا۔
خبر کا کوڈ: 1125275