QR CodeQR Code

کوئٹہ، پولیس پر جعلی مقابلے میں شہری کو قتل کرنیکا الزام، تحقیقات شروع

20 Nov 2023 22:31

نگران وزیر جان اچکزئی نے مقتول کے لواحقین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مبینہ پولیس مقابلے کی تحقیقات ہوگی۔ پولیس کیخلاف شواہد ملنے پر کارروائی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس کی فائرنگ سے مارے جانے والے شخص کے لواحقین کی جانب سے کوئٹہ کے حساس علاقے ریڈ زون میں احتجاج کیا گیا۔ جن سے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے مذاکرات کئے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ شب سرکی روڈ پر ایک شخص سے فائرنگ کے تبادلہ ہوا۔ جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ملزم کی جان چلی گئی۔ مذکورہ شخص کے لواحقین کا دعویٰ ہے کہ ان کے بیٹے کو کل نہیں، بلکہ ہفتہ کے روز فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا تھا۔ لڑکے کا انتقال سول ہسپتال کوئٹہ میں ہوا۔ جس کے بعد اسے جعلی مقابلہ قرار دیا گیا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شہزاد بیگ نے انہیں فون کیا اور کہا کہ انکا بیٹا غلطی سے مارا گیا ہے۔ لواحقین کا مطالبہ ہے کہ مذکورہ ایس ایچ او اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔ صوبائی نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے ریڈ زون میں جاری دھرنے کے مظاہرین سے مذاکرات کئے۔ انہوں نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ مبینہ پولیس مقابلے کی جامع تحقیقات کرائی جائے گی۔ آئی جی پولیس نے شفاف انکوائری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے خلاف شواہد ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ جان اچکزئی کی یقین دہانی کے بعد دھرنے کے شرکاء منتشر ہو گئے۔


خبر کا کوڈ: 1097036

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1097036/کوئٹہ-پولیس-پر-جعلی-مقابلے-میں-شہری-کو-قتل-کرنیکا-الزام-تحقیقات-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com