سابق وفاقی وزیر منیر گیلانی کی علامہ ساجد نقوی سے ملاقات، ملی امور، سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
20 Nov 2023 20:50
دونوں رہنماوں میں میں اتفاق ہوا کہ صاف شفاف انتخابات کے نتیجے میں آنے والی حکومت ہی ملکی مسائل حل کرسکتی ہے، الیکشن کمشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، منیر گیلانی نے اپنی خود نوشت ”سیاسی بیداری“ علامہ ساجد نقوی کو پیش کی۔
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملی امور، ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں میں اتفاق پایا گیا کہ صاف شفاف انتخابات کے نتیجے میں آنے والی حکومت ہی ملکی مسائل حل کر سکتی ہے۔ غیر جانبدارانہ انتخابات ہی عوام کے مینڈیٹ کا احترام اور اداروں کے وقار میں اضافے کا باعث ہو گا۔ امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
علامہ ساجد علی نقوی نے سید منیر حسین گیلانی کی خیریت دریافت کی اور ان کی طول عمر کی دعا بھی کی۔ واضح رہے کہ منیر گیلانی، علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں تحریک جعفریہ کے سیاسی سیل میں متحرک کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔ انہوں نے چند سال امریکہ میں قیام کرنے کے بعد وطن واپسی پر قائد ملت جعفریہ سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے ماضی میں سیاسی ہمکاری کے واقعات کو بھی تازہ کیا۔ سابق وفاقی وزیر نے ملی سیاسی جماعتوں کو مشترکہ انتخابی لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔ منیر گیلانی نے اپنی خود نوشت ”سیاسی بیداری“ بھی علامہ ساجد علی نقوی کو پیش کی۔ جس میں انہوں نے اپنی یاد داشتوں کو کتابی شکل دے کر قائد ملت جعفریہ مفتی جعفر حسین، شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور خود علامہ ساجد علی نقوی کے دور میں ہونے والے اہم ملی اور سیاسی امور کا احاطہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1096997