QR CodeQR Code

غزہ میں 44 روز سے صیہونی بربریت جاری، 5500 بچوں سمیت 13 ہزار فلسطینی شہید

19 Nov 2023 23:12

7 اکتوبر سے غزہ جنگ میں اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکتیں 383 ہوگئيں جبکہ 27 اکتوبر سے غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے 62 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ غزہ میں صیہونی جارحیت 44 ویں روز بھی جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار ہوگئی ہے۔ غزہ میڈیا آفس کے مطابق غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بمباری سے 13 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ شہداء میں 5 ہزار 500 بچے اور 3 ہزار 500 خواتین شامل ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں مزاحمتی تنظیموں کے جنگجوؤں سے لڑائی میں مزید 2 اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران حماس کے جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے جانے والے مزید 2 فوجیوں کے نام جاری کیے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اتوار کو غزہ میں زمینی آپریشن میں فرسٹ لیفٹیننٹ سمیت 2 اہلکار مارے گئے، جس کے بعد دو دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے، جن کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ جنگ میں اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکتیں 383 ہوگئيں جبکہ 27 اکتوبر سے غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے 62 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔

ادھر امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں 5 روز کے لیے جنگ بندی پر رضا مند ہوگئے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں لڑائی میں 5 دن کے وقفے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ اسرائیلی حکام کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔


خبر کا کوڈ: 1096868

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096868/غزہ-میں-44-روز-سے-صیہونی-بربریت-جاری-5500-بچوں-سمیت-13-ہزار-فلسطینی-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com