QR CodeQR Code

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں زہر دینے کا الزام غیر ذمہ دارانہ ہے، انوار الحق کاکڑ

19 Nov 2023 21:20

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزام کو سنجیدہ نہیں لیتے۔


اسلام ٹائمز۔ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو جیل میں زہر دینے کا الزام غیر ذمہ دارانہ ہے، انہیں نہ نگراں حکومت نے گرفتار کیا اور نہ شاہی فرمان کے ذریعے ان کو رہا کر سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں مکمل محفوظ اور ہماری ذمہ داری ہيں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزام کو سنجیدہ نہیں لیتے، لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام ووٹرز کو متوجہ کرنے کا حربہ ہے۔

 
انکا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ہماری ترجیح ہے کہ جلد از جلد الیکشن ہوں۔۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عوام اپنا مینڈیٹ استعمال کرکے لوگوں کو مینڈیٹ دیں، ہم چاہتے ہیں ایک منتخب حکومت آئے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے ایسا کون سا کام کیا ہے جس سے متعلق تاثر دیا جا رہا ہے ہم کسی فریق سے متعلق جانبدار ہیں۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ یہاں کوئی اذیت پسند لوگ نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ذاتی بدلہ لینا ہے، دیگر جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، پی ٹی آئی لیڈر بھی اپنے علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 
نگراں وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اپنے آپ کو ووٹر کے سامنے مظلوم قرار دینا کسی بھی جماعت کا بیانیہ ہو سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے پیپلز پارٹی بھی اپنے ووٹرز کے لیے اس قسم کی گفتگو کرے۔


خبر کا کوڈ: 1096815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096815/چیئرمین-پی-ٹی-آئی-کو-جیل-میں-زہر-دینے-کا-الزام-غیر-ذمہ-دارانہ-ہے-انوار-الحق-کاکڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com