یمن کی فوج نے ایک اسرائیلی بحری جہاز کو کنٹرول میں لے لیا، المیادین
19 Nov 2023 19:24
اپنے ایک بیان میں برگیڈئیر یحییٰ سریع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جھنڈے کے حامل اور صیہونی کمپنیوں کی ملکیت والے بحری جہاز یمن کی مسلح افواج کے نشانے پر ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ آج سہ پہر کو میڈیا نے ایک صیہونی بحری جہاز کے لا پتہ ہونے کی خبر دی۔ العربیہ نیوز نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے صیہونی بحری جہاز کا نام "گیلکسی لیڈر" ہے جس میں عملے کے 22 افراد سوار تھے۔ اس خبر کے جاری ہونے کے کچھ ہی دیر بعد المیادین نے ایک آگاہ ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یمن کی نیوی فورسز، بحیرہ احمر میں ایک صیہونی بحری جہاز کو قابو کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ ان رپورٹس کے مطابق اس بحری جہاز میں سوار 52 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ المیادین نے مزید بتایا کہ اس بحری جہاز کے عملے اور تمام سوار افراد سے اُن کی شناخت جاننے کے لئے تفتیش کی جا رہی ہے۔
میڈیا میں اس رپورٹ میں آنے کے بعد صیہونی رژیم کے کسی بھی عہدیدار نے اس خبر پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، صیہونی رژیم نے اس خبر کی ابھی تک کوئی تردید یا تصدیق جاری نہیں کی۔ دوسری جانب میڈیا میں اس خبر کے آنے کے بعد یمن کی مسلح افواج کے ترجمان "یحییٰ سریع" نے اعلان کیا کہ کچھ ہی دیر میں یمن کی مسلح افواج ایک اہم بیان جاری کریں گی۔ واضح رہے کہ برگیڈئیر یحییٰ سریع نے آج دوپہر کے وقت اس امر پر زور دیا تھا کہ اسرائیل کے جھنڈے کے حامل بحری جہاز اور صیہونی کمپنیوں کی ملکیت والے بحری جہاز یمن کی مسلح افواج کے نشانے پر ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1096802