آج کا مارچ فلسطین کے لوگوں میں حوصلہ پیدا کرے گا، سراج الحق
19 Nov 2023 09:03
غزہ مارچ کے پنڈال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ، اللہ کے فرشتے آئیں گے، اللہ کی نصرت حاصل ہو گی اور آج کے فرعونوں کو شکست ہو گی۔ آج آپ کا اجتماع پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ آج لاہور کے لوگ نکلے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق رات گئے کیمپس پل پہنچ گئے اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امیرِ لاہور ضیاء الدین انصاری، امیر پنجاب جاوید قصوری، انچارج غزہ مارچ لاہور خالد احمد بٹ اور انچارج میڈیا کمیٹی غزہ مارچ لاہور احمد سلمان بلوچ بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے غزہ مارچ لاہور کی تیاریوں کے جائزہ کے حوالے سے نیو کیمپس روڈ اور سٹیج کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان خاص طور پر لاہور کیلئے بڑا دن ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مارچ آج لاہور میں ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے لوگوں کی بڑی تعداد آج لاہور کیلئے نکلے گی۔ پاکستان کے سب عوام فلسطین کے لوگوں کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں۔ میں ان لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو آج اللہ کی رضا کیلئے غزہ مارچ میں شامل ہو رہے ہیں۔ آج کے غزہ مارچ میں تاجر، اساتذہ، علماء کرام، مزدور، وکلاء آ رہے ہیں۔ میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ کا مارچ فلسطین کے لوگوں میں حوصلہ پیدا کرے گا۔ ان شاء اللہ، اللہ کے فرشتے آئیں گے، اللہ کی نصرت حاصل ہو گی اور آج کے فرعونوں کو شکست ہو گی۔ آج آپ کا اجتماع پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ آج لاہور کے لوگ نکلے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1096710