QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کے سابق وزراء، ایم پی اے اور ایم این ایز ابھی تک سرکاری پروٹوکول میں چل رہے ہیں، ایاز لطیف پلیجو

18 Nov 2023 23:32

ایک بیان میں سربراہ قومی عوامی تحریک نے کہا کہ ہاری کاشتکار اور غریب لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں، کروڑوں لوگ بنیادی انسانی حقوق اور سہولتوں سے محروم ہیں، اقتداری وڈیرے اور وزرا عوام کے وسائل لوٹ رہے ہیں اور قابض ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق رہنما، وزیر، ایم پی اے اور ایم این ایز ابھی تک سرکاری پروٹوکول میں چل رہے ہیں، سابقہ وزرا سے ابھی تک گاڑیاں اور گھر واپس نہیں لئے گئے ہیں، نگراں حکومت پی پی کا تسلسل ثابت ہوئی ہے، پولیس اور ڈی سیز سابق وزرا کے بیٹوں کی شادیوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے میں مصروف ہیں۔ ایک بیان میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ الیکشن کمیشن اعلان کردے کہ سندھ میں الیکشن نہیں ہوگا اور عوام کے حقیقی نمائندوں کے نتائج تبدیل کرکے پی پی کے کرپٹ وڈیروں کو کامیاب قرار دے دیا جائے گا۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ جہموریت کے نام پر سندھ کے لوگوں کے ساتھ غداری کی گئی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کے عوام کو فقیر بنایا گیا ہے۔

ایاز لطیف پلیجو نے مزید کہا کہ ہاری کاشتکار اور غریب لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں، کروڑوں لوگ بنیادی انسانی حقوق اور سہولتوں سے محروم ہیں، اقتداری وڈیرے اور وزراء عوام کے وسائل لوٹ رہے ہیں اور قابض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، زبردستی مسلط کردہ حکمران عوام کے لئے سوچنے کی بجائے اپنے اقتدار اور ذاتی مفادات کے لئے کام کریں گے جس کے باعث ہم مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری، بھوک، بدحالی اور محرومی عوام کا مقدر بنا دیئے گئے ہیں، صحت اور بہتر علاج سے محروم ہیں، امن و امان جیسے خواب بن گیا ہے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ نگراں حکومت عوام کے مسائل پہ توجہ دے، شفاف الیکشن کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی کردار ادا کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1096644

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096644/پیپلز-پارٹی-کے-سابق-وزراء-ایم-پی-اے-اور-این-ایز-ابھی-تک-سرکاری-پروٹوکول-میں-چل-رہے-ہیں-ایاز-لطیف-پلیجو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com