مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینیوں کی شہادت
17 Nov 2023 23:22
غزہ کی پٹی کیخلاف صیہونی حکومت کی جنگ کے آغاز کے بعد سے گذشتہ ایک ماہ کے دوران غاصب حکومت کے فوجیوں نے مغربی کنارے میں مقیم فلسطینیوں کیخلاف حملے تیز کر دیئے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 200 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق الجزیرہ اور رائٹرز کے نامہ نگاروں نے فلسطینی ہلال احمر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے بھی ہفتے کی صبح خبر دی ہے کہ اس ڈرون حملے میں نابلس کے مشرق میں بلاتا پناہ گزین کیمپ میں فتح تحریک کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں کم از کم دو دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کے آغاز کے بعد سے گذشتہ ایک ماہ کے دوران غاصب حکومت کے فوجیوں نے مغربی کنارے میں مقیم فلسطینیوں کے خلاف حملے تیز کر دیئے ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کی تنظیم نے جمعرات کی شام کو اعلان کیا کہ 7 اکتوبر اور غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے، 2735 افراد کو مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں نے گرفتار کیا ہے۔ 7 اکتوبر کو غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں نے 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے 7 اکتوبر کو فلسطین پر سات دہائیوں سے زیادہ جاری ناجائز قبضے، غزہ کے دو دہائیوں سے جاری مسلسل محاصرہ اور صیہونی جیلوں میں قید ہزاروں فلسطینیوں کو شکنجے اور آزار و اذیت دینے کے جواب میں "طوفان الاقصی" آپریشن کا آغاز کیا۔
یہ آپریشن صیہونی حکومت پر مہلک ترین حملوں میں سے ایک تھا۔ حماس کے جنگجو سرحدی باڑ کے کچھ حصوں کو کاٹ کر مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوئے، انہوں نے صیہونی دیہاتوں پر حملہ کیا اور اسرائیلیوں کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک کرنے کے علاوہ متعدد صیہونیوں کو قیدی بنا لیا۔ اس آپریشن کے جواب میں، صیہونی حکومت نے غزہ کے خلاف شدید حملے شروع کر دیئے اور اس علاقے کا مکمل محاصرہ کرلیا۔ صیہونی حکومت کے حملوں کے نتیجے میں اب تک 11500 سے زیادہ افراد شہید ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1096440