QR CodeQR Code

کانگریس کی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا نہ کرنے کی تاریخ ہے، اسدالدین اویسی

17 Nov 2023 20:35

حالیہ دنوں اپنے ایک خطاب میں بی جے پی لیڈر نے کہا تھا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی بلڈوزر حکومت بنے گی جس پر اسد الدین اویسی نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلڈوزر تباہی کی علامت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ریاست کرناٹک کا حوالہ دیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ انتخابات کے وقت عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئے۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ قومی پارٹی کی جانب سے بار بار یہ کہا جارہا ہے کہ اگر تلنگانہ میں وہ اقتدار میں آتی ہے تو وہ اپنے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی جبکہ کانگریس عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ اسدالدین اویسی نے کہا کہ یہ انتخابی موسم ہے، کانگریس کی جانب سے وعدے کئے جارہے ہیں، جس پر عمل ہوگا یا نہیں یہ الگ بحث ہے جبکہ کرناٹک میں کانگریس نے اپنے انتخابی وعدہ پورے نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں وظیفے کم کر دیے گئے، بجلی نہیں ہے، کسان پریشان ہیں۔ کانگریس کے وعدے کبھی پورے نہیں ہوتے اور دھوکہ دینے کے لئے ہی کانگریس وعدہ کرتی ہے، ان کی یہی تاریخ ہے۔

تلنگانہ تحریک میں جانی نقصان پر کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کی جانب سے معافی مانگنے پر اسد الدین اویسی نے کہا کہ قدیم پارٹی کو بہت دیر سے اس بات کا احساس ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے غیر منقسم آندھرا پردیش کی تقسیم کو صحیح طریقے سے انجام نہیں دیا، جس سے دریاؤں کے پانی کی تقسیم، آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درمیان اثاثوں کی تقسیم سے متعلق مسائل حل نہیں ہوئے۔ تلنگانہ انتخابات پر بات کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ ان کی پارٹی کی جانب سے کھڑے کئے گئے تمام 9 امیدوار کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے انتخابی مہم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کی مہم بہتر انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سال بھر عوام کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے حلقہ جوبلی ہلز اور راجندر نگر کے علاوہ دیگر 7 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کی کامیابی کی امید ظاہر کی۔ حالیہ دنوں اپنے ایک خطاب میں بی جے پی لیڈر نے کہا تھا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی بلڈوزر حکومت بنے گی جس پر اسد الدین اویسی نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلڈوزر تباہی کی علامت ہے۔


خبر کا کوڈ: 1096325

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096325/کانگریس-کی-اپنے-انتخابی-وعدوں-کو-پورا-نہ-کرنے-تاریخ-ہے-اسدالدین-اویسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com