QR CodeQR Code

کانگریس کے طوفان میں مودی حکومت اڑ جائیگی، راہل گاندھی

17 Nov 2023 18:54

وائناڈ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا پہلا ہدف یہی ہے کہ تلنگانہ میں عوام کی حکومت قائم کی جائے، پھر اسکے بعد دہلی میں نریندر مودی حکومت کو باہر کا راستہ دکھایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں بڑھی ہوئی ہیں۔ اس درمیان راہل گاندھی نے آج تلنگانہ میں عظیم الشان ریلی کی جس میں انہوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا طوفان آ رہا ہے جس کی زد میں آ کر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت گرجائے گی اور اسکے بعد دہلی میں نریندر مودی حکومت کا نمبر آئے گا، وہ بھی کانگریس کے طوفان میں اکھڑ جائے گی۔ راہل گاندھی نے یہ بیان تلنگانہ کے کھمم میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی بدعنوانی کو پوری ریاست میں دیکھا جا سکتا ہے۔ وائناڈ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا پہلا ہدف یہی ہے کہ تلنگانہ میں عوام کی حکومت قائم کی جائے، پھر اس کے بعد دہلی میں نریندر مودی حکومت کو باہر کا راستہ دکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تو برسر اقتدار طبقہ بس پیسے ہی جمع کرنے میں مصروف ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کنبہ شراب سے لے کر بالو تک میں پیسے کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے الگ تلنگانہ ریاست کا خواب دیکھا تھا جو پورا تو ہو گیا، لیکن ان کی امیدیں پوری نہیں ہوئیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اب ’کے سی آر‘ صرف اپنی فیملی کا ہی خواب پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر گوشے میں بدعنوانی دیکھی جا سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1096322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096322/کانگریس-کے-طوفان-میں-مودی-حکومت-اڑ-جائیگی-راہل-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com