ہم اسرائیل کیساتھ پانی و انرجی کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے، اُردن
16 Nov 2023 23:30
اپنے ایک بیان میں ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اور ملک اسرائیل کی طرح حالیہ جنگی جرائم انجام دیتا تو عالمی اداروں کیجانب سے ابھی تک اس پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہوتیں۔
اسلام ٹائمز۔ اُردن کے وزیر خارجہ "ایمن الصفدی" نے کہا ہے کہ غزہ کی عوام کے خلاف صیہونی رژیم کے اقدامات ایسے جنگی جرائم ہیں جن کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ ایمن الصفدی نے کہا کہ تل ابیب، خطے کو آگ میں دھکیل رہا ہے۔ مغربی کنارے میں جنگ کی چنگاری بھڑکنے کو تیار ہے۔ ہم غاصب صیہونی آبادکاروں کی دہشت گردی کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔ اسرائیل کا شمالی بارڈر لبنان کے ساتھ بھی کشیدگی کی حالت میں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار الجزیرہ سے گفتگو میں کیا۔ ایمن الصفدی نے کہا کہ اُردن، اسرائیل کے ساتھ پانی و توانائی کے تبادلے کے منصوبوں پر دستخط نہیں کرے گا۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ اگر کوئی اور ملک اسرائیل کی طرح حالیہ جنگی جرائم انجام دیتا تو عالمی اداروں کی جانب سے ابھی تک اس پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہوتیں۔
ایمن الصفدی نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے غزہ کی صورت حال پر غیر جانبدارانہ موقف اپنائیں۔ اُنہیں ہر وہ کام انجام دینا چاہئے جو فلسطینی عوام کے مفاد میں ہو۔ اُردن نے جنگ رکوانے کے لئے اپنے تمام تعلقات کو استعمال کیا ہے۔ اپنی گفتگو کے آخر میں اُردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ساری دنیا کو یہ حقیقت جان لینی چاہئے کہ اسرائیلی اقدامات نے حالیہ دہائی میں قیام امن کے لئے انجام دی گئی تمام کوششوں کو برباد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ایمن الصفدی نے منگل کے روز غزہ کی پٹی میں کسی بھی امن دستے کی تعیناتی کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کسی بھی ذریعے سے نہتے شہریوں کے ناحق قتلِ عام کی کوئی دلیل نہیں دے سکتے، کیونکہ غزہ میں زخمیوں کے علاج کے لئے دوا تک نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ: 1096188