QR CodeQR Code

غزہ میں مزید 3 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت

16 Nov 2023 18:26

حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے بھی اس حوالے سے کہا ہے کہ القسام فورسز کی دی گئی معلومات اور فیلڈ مشاہدات کے مطابق قابض صیہونی فوجیوں کی ہلاکتیں تل ابیب کے اعلان سے کہیں زیادہ ہیں۔ حقیقی اعداد و شمار سب کو چونکا دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے چینل 12 نے خبر دی ہے کہ غزہ کے اندر اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے دوران آج تین صیہونی افسران اور فوجی ہلاک ہوگئے۔ القدس کی غاصب حکومت کی فوج نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں گذشتہ چند گھنٹوں کی لڑائیوں کے دوران کیپٹن کے عہدے کے 2 اسرائیلی اہلکار ہلاک اور 4 دیگر صیہونی فوجی شدید زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے یہ دونوں اہلکار "النقب" بریگیڈ کی 9217 ویں بٹالین میں ایک پلاٹون کے ڈپٹی کمانڈر اور "شاکید" بٹالین کی ایک پلاٹون کے نائب کمانڈر ہیں۔

تل ابیب کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں صیہونی زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک 52 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ مجموعی طور پر 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے اب تک 371 فوجی اہلکار، 59 پولیس اہلکار اور شباک کے 10 ارکان ہلاک ہوچکے ہیں۔ دس نومبر بروز جمعہ عبرانی اخبار "یدیعوت آحارونوت" نے ایک رپورٹ شائع کی اور اعلان کیا کہ حماس کے ساتھ جنگ ​​کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ، لبنان، شام اور یمن سے اسرائیل کو تقریباً 10,000 راکٹ فائر اور درجنوں ڈرون بھیجے جا چکے ہیں۔

یدیعوت آحارونوت کی رپورٹ کے آخری حصے میں اس کا ذکر کیا گیا ہے کہ اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر اسرائیلی فوج غزہ میں اپنی زمینی کارروائیوں میں توسیع کرتی ہے اور اسے جاری رکھتی ہے تو وہ تقریباً 400 مزید فوجیوں کو کھو دے گی۔ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے بھی اس حوالے سے تاکید کی ہے کہ القسام فورسز کی دی گئی معلومات اور فیلڈ مشاہدات کے مطابق قابض صیہونی فوجیوں کی ہلاکتیں تل ابیب کے اعلان سے کہیں زیادہ ہیں۔ حقیقی اعداد و شمار سب کو چونکا دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1096169

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1096169/غزہ-میں-مزید-3-صیہونی-فوجیوں-کی-ہلاکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com