ہم اسرائیل کیخلاف شکایت دائر کرینگے، جنوبی افریقہ کے ایک اہلکار
16 Nov 2023 00:22
جنوبی افریقہ کے ایک اہلکار نے اسرائیلی حکام کو جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ انکا ملک جلد ہی تل ابیب کیخلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں شکایت دائر کرے گا۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے آج شام (بدھ کو) اعلان کیا کہ ان کا ملک جلد ہی تل ابیب کے خلاف شکایت درج کرائے گا۔ جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ کے اس اہلکار نے، جس کا نام نہیں بتایا گیا، نے "الجزیرہ" چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگلے دو دنوں میں ہم اسرائیل کے خلاف فوجداری عدالت میں شکایت درج کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں ہونے والے افسوس ناک واقعات کے ذمہ دار اسرائیلی حکام کو جوابدہ ہونا چاہیئے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ شکایت انصاف کا باعث بنے گی اور ان لوگوں کو سزا سے بچنے سے روکے گی۔
افریقی عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ایک قابض طاقت ہے اور اسے جنیوا معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیئے۔ اسرائیل ان لوگوں کے خلاف جنگ کا اعلان نہیں کرسکتا، جن کی سرزمین پر اس نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ صیہونی حکومت نے اب تک غزہ کے 11,500 افراد کو شہید کیا ہے، جن میں 4,710 بچے اور 3,160 خواتین ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی حکومت کے حملوں کے بعد سے اب تک 3,640 افراد لاپتہ ہوچکے ہیں، جن میں سے 1,770 بچے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں 29,800 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 70 فیصد خواتین اور بچے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1095968