QR CodeQR Code

سوئی سدرن گیس کمپنی عوام کو بلاتعطل گیس کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے، علامہ صادق جعفری

15 Nov 2023 23:59

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر نے کہا کہ مہنگائی کے بدترین دور میں لکڑی اور گیس سلینڈرز کا اضافی بوجھ شہریوں پر بدترین ظلم ہے، نگراں وزیراعظم پاکستان، نگراں وفاقی وزیر پیٹرولیم، نگراں وزیراعلیٰ سندھ اور اعلیٰ حکام شہر قائد میں گیس بحران کا فوری نوٹس لیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، سردی آتے ہی گیس بحران کے شکار شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، رہائشی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی عوام کو بلاتعطل گیس کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، حکومت گیس کی بلاتعطل فراہمی کے بلند و بانگ دعووں کے علاوہ عملی اقدامات بھی اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی کمی شدت اختیار کرتی جارہی ہے، بعض علاقوں سے گیس پریشر میں دن بدن کمی اور مکمل خاتمے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موصولہ شکایات کے مطابق، ملیر، لانڈھی، کورنگی، بن قاسم، شاہ فیصل، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، سرجانی اور دیگر علاقوں میں شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا کئی کئی سالوں سے کرنا پڑرہا ہے، مختلف سرویز میں گیس پریشر کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے، شہری سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیلپ لائن نمبرز اور دفاتر میں شکایات درج کروا کروا کے تھک گئے لیکن بے حس حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ گیس بحران کے شکار شہری لکڑیوں پر کھانے پکانے اور گیس سیلنڈرز خریدنے پر مجبور ہوچکے ہیں، مہنگائی کے بدترین دور میں لکڑی اور گیس سلینڈرز کا اضافی بوجھ شہریوں پر بدترین ظلم ہے، نگراں وزیراعظم پاکستان، نگراں وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل، نگراں وزیراعلیٰ سندھ اور اعلیٰ حکام شہر قائد میں گیس بحران کا فوری نوٹس لیں۔


خبر کا کوڈ: 1095947

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1095947/سوئی-سدرن-گیس-کمپنی-عوام-کو-بلاتعطل-کی-فراہمی-میں-ناکام-ہوچکی-ہے-علامہ-صادق-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com