الشفا ہسپتال میں صیہونی فوجیوں کا داخل ہونا ایک بزدلانہ اقدام ہے، انصاراللہ
15 Nov 2023 22:31
غزہ کی پٹی کے الشفاء اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے غیر قانونی داخلے کے ردعمل میں یمن کی انصار اللہ تحریک کے سیاسی دفتر نے اس کارروائی کو وحشیانہ اور بزدلانہ جرم قرار دیا۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے آج شام (بدھ) غزہ کی پٹی کے الشفا اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے داخلے کے ردعمل میں ایک بیان جاری کیا ہے۔ صہیونی فوج آج صبح الشفاء اسپتال میں داخل ہوئی، وہ ہسپتال جس کے آس پاس کا علاقہ چند دنوں سے صیہونی فوجیوں کے شدید حملوں کی لپیٹ میں تھا۔ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی، سرجری، کارڈیک اور جنرل ڈپارٹمنٹس کی تلاشی لی اور اسپتال میں مقیم متعدد ڈاکٹروں اور فلسطینی پناہ گزینوں سے پوچھ گچھ کی۔ اس کارروائی کے ردعمل میں انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے اعلان کیا کہ الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں غیر قانونی داخل ہونا ایک وحشیانہ اور بزدلانہ جرم ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ مزاحمت کے مقابلے میں دشمن کی فوج کی عسکری اور سیکورٹی ناکامی کس حد تک ہے۔
انصار اللہ نے اپنے اس بیان کے تسلسل میں خطے اور دنیا کی اقوام سے کہا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی مدد کریں اور غزہ کی پٹی پر جارحیت کے خاتمے تک فلسطینیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی جاری رکھیں۔ اس بیان کے آخر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہیں اور باب المندب اور بحیرہ احمر میں اسرائیلی اہداف کے خلاف اپنی مسلح افواج کی کارروائیوں میں توسیع کے اعلان پر مبارکباد پیش کرتے ہیں
خبر کا کوڈ: 1095940