QR CodeQR Code

کراچی کی روشنی کو گل کرنے کی ایک بار پھر سازش کی جا رہی ہے، ثروت اعجاز قادری

14 Nov 2023 23:37

مولانا رحیم اللہ کی نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایس ٹی نے کہا کہ علمائے اہل سنت کو جس طریقے سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، پاکستان سنی تحریک کے قائدین کو بھی سازش کے ذریعے شہید کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ دشمنان اسلام ایک بار پھر ملک میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کی سازش تیار کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدرپاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معروف نعت خواں مولانا رحیم اللہ کی نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ ملک کا معاشی حب اور روشنیوں کے شہر کراچی کی روشنی کو گل کرنے کے لیے ایک بار پھر سازش کی جا رہی ہے، شہر میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، فرقہ واریت اور دہشت گردی کو ہوا دی جا رہی ہے، ملک کو ایک بار پھر فرقہ واریت کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے، ملک دشمن عناصر ملک میں مذہبی انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ علمائے اہل سنت کو جس طریقے سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، پاکستان سنی تحریک کے قائدین کو بھی سازش کے ذریعے شہید کیا گیا تھا، دہشت گرد ہماری امن پسندگی کو ہماری کمزوری سمجھ رہے ہیں، کبھی اہلبیتؑ اور صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخیاں کی جاتی ہیں تو کبھی میلاد ریلیوں میں دھماکے کئے جاتے ہیں، دشمنان اسلام ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کا فوری قلع قمع کیا جائے، کراچی میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام اور مذہبی رہنماں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 1095725

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1095725/کراچی-کی-روشنی-کو-گل-کرنے-ایک-بار-پھر-سازش-جا-رہی-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com