اپنے اتفاق سے کراچی کی ترقی میں رکاوٹ کو کچل دیں گے، گورنر سندھ
22 Sep 2023 20:38
ادارہ نور الحق میں حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی مردم شماری سے متعلق ہم نے بھی آواز اٹھائی، میں مانتا ہوں کراچی کی آبادی ساڑھے 3 کروڑ سے کم نہیں، لہذا آپس کی لڑائیوں میں لگے رہے تو صحیح آبادی گنوا نہیں سکیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم سے ملاقات کی اور کراچی کے مسائل پربات چیت کی۔ ادارہ نور الحق میں ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ حافظ نعیم سے کہا تھا سموسے اور پکوڑے کھاؤں گا مگر انہوں نے دھوکا دیا اور پکوڑے نہیں کھلائے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت کو مضبوط کرتا ہے تاہم شہر حالت اس وقت بدترین ہے، اس کی ترقی 12 سال سے رکی ہوئی ہے اور یہاں کے راستے شہریوں کے دلوں کی طرح ٹوٹے ہوئے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں پینے کا پانی نہیں جب کہ تعلیمی نظام بھی تباہ ہے، البتہ کراچی کی مردم شماری سے متعلق ہم نے بھی آواز اٹھائی، میں مانتا ہوں کراچی کی آبادی ساڑھے 3 کروڑ سے کم نہیں، لہذا آپس کی لڑائیوں میں لگے رہے تو صحیح آبادی گنوا نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں سیاسی نااتفاقی نہیں چاہتے، ہر شخص چاہتا ہے شہر ترقی کرے، ہم اپنے اتفاق سے کراچی کی ترقی میں رکاوٹ کو کچل دیں گے کیونکہ ہمیں پاکستان، سندھ اور کراچی کی ترقی عزیز ہے۔
خبر کا کوڈ: 1083244