ریاست منی پور میں خاتون تنظیم نے گرفتار 5 نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا
19 Sep 2023 15:03
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح بازار اور دکانیں بند رہنے کے سبب معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر رہا۔ حالانکہ سڑکوں پر کچھ گاڑیاں چلتی ہوئی ضرور دکھائی دیں، لیکن بند کا مثبت اثر بھی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست منی پور میں حالات جیسے ہی کچھ بہتر ہوتے ہیں، کوئی نیا معاملہ سامنے آ جاتا ہے۔ اب منی پور کی وادی امپھال میں میتئی خواتین کی تنظیم ’میرا پیبی‘ اور دیگر مقامی کلب نے پیر کی نصف شب سے 48 گھنٹے کے لئے بند کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ بند ہتھیار لے جانے اور وردی پہننے کے الزام میں گرفتار کیے گئے پانچ نوجوانوں کی رِہائی کے لئے بلایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح بازار اور دکانیں بند رہنے کے سبب معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر رہا۔ حالانکہ سڑکوں پر کچھ گاڑیاں چلتی ہوئی ضرور دکھائی دیں، لیکن بند کا خاطر خواہ اثر بھی ہے۔ مشرقی امپھال کے کھرئی اور کونگبا، بشنوپور ضلع کے نامبول، مغربی امپھال کے کاکوا اور تھوبل ضلع کے کچھ علاقوں میں میرا پیبی نے سڑکوں کو رخنہ انداز کر دیا تھا۔ منی پور پولیس نے ہفتہ کو پانچ نوجوانوں کو وردی پہن کر اسلحہ لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان پانچوں کو جیوڈیشیل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جس کے بعد انہیں پولیس حراست میں بھیجا گیا۔
آئل لینتھابل سنٹر یونائٹیڈ کورڈنیٹنگ کمیٹی کے صدر یمنام ہٹلر نے کہا کہ گرفتار کیے گئے پانچوں نوجوان یہاں کے شہری اور گاؤں کے سماجی کارکن ہیں۔ وہ سبھی اپنے گاؤں کو کوکی زو شورش پسندوں کے حملے سے بچانے کے لئے رکھوالی کر رہے تھے۔ ہم ان کی رِہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر حکومت انہیں رِہا کرنے میں ناکام رہی تو یہ تحریک مزید تیز ہوگی۔ مظاہرین نے پورومپت پولیس اسٹیشن کے سامنے نوجوانوں کی رِہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس دوران کچھ مظاہرین اور آر اے ایف کے جوان کو معمولی چوٹیں بھی آئی تھیں۔
خبر کا کوڈ: 1082604