QR CodeQR Code

مسجد اقصی کی بے حرمتی، سعودی عرب سمیت چند عرب ممالک کی مذمت

18 Sep 2023 16:55

سعودی عرب سمیت چند عرب ممالک نے غاصب صیہونیوں کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب صیہونیوں کے شدت پسندانہ اقدامات کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داری پر عمل کریں۔


اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق خلیجی ریاستوں نے الگ الگ بیانیے جاری کر کے سینکڑوں شدت پسند صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی اور اس مقدس مقام پر فلسطینی نمازیوں پر حملہ ور ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔ قطر، سعودی عرب اور کویت کے وزارت خارجہ نے بیانیے جاری کئے جن میں غاصب صیہونیوں کے اس جارحانہ اقدام کی پرزور مذمت کی گئی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ سے جاری کردہ بیانیے میں کہا گیا ہے: "سعودی عرب کچھ شدت پسند عناصر کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کی حمایت میں مسجد اقصی پر جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ یہ اقدامات تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا باعث ہیں۔ ہم غاصب صیہونی رژیم کی سکیورٹی فورسز کو اس جارحیت کے ممکنہ نتائج کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔" سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اپنے بیانیے میں مزید کہا: "ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غاصب اسرائیلیوں کے ایسے جارحانہ اقدامات کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور عام شہریوں کی حمایت کرتے ہوئے اس ٹکراو کے خاتمے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کریں۔"
 
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیانیے میں شدت پسند صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصی پر دھاوا بولے جانے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اس بیانیے میں کہا گیا ہے: "مسجد اقصی کی مذہبی اور تاریخی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کشش صرف فلسطینیوں کے خلاف جارحیت نہیں بلکہ پوری دنیا میں کروڑوں مسلمانوں کے خلاف جارحیت ہے۔ غاصب صیہونی حکمران اس شدت پسندی کے ذمہ دار ہیں جو ان کی شدت پسندانہ پالیسیوں سے فلسطین کی قوم، سرزمین اور مقدسات کے خلاف شروع ہوئی ہے۔" قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیانیے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحیت کی روک تھام کیلئے فوری اقدام انجام دے۔ بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "دوحہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور ملت برادر فلسطین کے جائز حقوق کی بازیابی پر مبنی اپنے ہمیشگی موقف پر تاکید کرتا ہے۔ فلسطینیوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ اسی طرح انہیں مشرقی بیت المقدس کی مرکزیت میں 1967ء کی سرحدوں والی خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا بھی پورا حق حاصل ہے۔"
 
کویت کی وزارت خارجہ نے بھی کل رات صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی اور اپنے بیانیے میں کہا: "کویت کی حکومت غاصب صیہونی پولیس کی حمایت میں شدت پسند عناصر کی جانب سے مسجد اقصی پر جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔" اس بیانیے میں کویت نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف اشتعال آمیز اقدامات کی بھی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے مسجد اقصی کی بے حرمتی روکنے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کل رات غاصب صیہونی آبادکاروں کے ایک گروہ نے صیہونی سکیورٹی فورسز کی زیر حمایت "پہلے عبری سال" کے بہانے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا اور فلسطینی نمازیوں کے خلاف توہین آمیز اقدامات انجام دیے۔ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی گروہوں نے غاصب صیہونی رژیم کو خبردار کیا ہے اور مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں مقیم فلسطینیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں مسجد اقصی میں بڑے پیمانے پر اجتماع کر کے صیہونی جارحیت کو ناکام بنا دیں۔


خبر کا کوڈ: 1082382

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1082382/مسجد-اقصی-کی-بے-حرمتی-سعودی-عرب-سمیت-چند-ممالک-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com