QR CodeQR Code

بندوق کے زور پر مخالف نظریات کی آواز دبانا گمراہ کن ہے، ڈاکٹر کریم خان

18 Sep 2023 15:09

مقررین نے کہا وطن عزیز میں دہشتگردی، انتہاء پسندی سے نجات کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو مل کر چلنا ہوگا۔ ملک کو انتہاء پسندی، دہشتگردی اور لاقانونیت کے بھنور سے نکال کر جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہوگا۔ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالے اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر شمس الرحمن شمس، مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی نے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے تحت جامعہ علمیہ لاہور میں منعقدہ پیغام پاکستان مدارس کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بندوق کے زور پر مخالف نظریات کی آواز دبانا گمراہ کن ہے، اسلام انسانی جان کی حرمت کا سب سے بڑا علمبردار ہے، پاک فوج اور سکیورٹی اداروں پر حملے قابل مذمت ہیں، آئین کی اسلامی شقوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور حملے باعث تشویش ہیں، سیکولر ازم کو پاک سرزمین پر کبھی مقبولیت حاصل نہیں ہو گی، اسلام سے بے وفائی کرنیوالے کبھی سرخرو نہیں ہو سکتے، دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام مصطفیٰ کے نفاذ سے نیا پاکستان بنے گا، انتہاء پسندی کا عفریت قومی سلامتی کو نقصان پہنچا رہا ہے، پاکستان کے مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، طاقت کے بل بوتے پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنا فساد فی الارض ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر دکھ کی دوا نظام مصطفے ﷺ میں مضمر ہے، غیر مسلموں کی عبادت گاہوں پر حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا وطن عزیز میں دہشتگردی، انتہاء پسندی سے نجات کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو مل کر چلنا ہوگا۔ ملک کو انتہاء پسندی، دہشتگردی اور لاقانونیت کے بھنور سے نکال کر جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہوگا۔ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالے اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملہ ہے، اسلام اور پاکستان کی محبت کو دوستی اور دشمنی کا معیار بنانا ہوگا۔ نظام مصطفےﷺ کا نفاذ ہی استحکام پاکستان کا ضامن ہے۔ پیغمبر امن و رحمت ﷺکے امتی امن کا پرچم بلند رکھیں۔ فرقہ پرست قوتیں اسلام، پاکستان اور مدارس کو بدنام کرنے سے باز آ جائیں۔ کنونشن سے مرکزی رکن شوری ڈاکٹر عمران انور نظامی، مفتی محمد افضل نعیمی، مفتی شفاقت علی ہمدمی، علامہ ممتاز احمد ربانی ایڈووکیٹ، مولانا مجاہد عبدالرسول، مولانا برکات صدیقی، قاری عنصر سلطانی، مفتی جواد رسول، مولانا عرفان عاصی، مولانا احتشام حیدر، مفتی امان اللہ شاکر، مفتی محمد عابد رضوی، احسن جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1082361

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1082361/بندوق-کے-زور-پر-مخالف-نظریات-کی-آواز-دبانا-گمراہ-کن-ہے-ڈاکٹر-کریم-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com