عمران خان سے کہا تھا قمر باجوہ کو چھوڑ دیں، وہ اب ریٹائر ہوگئے ہیں، حامد خان
18 Sep 2023 15:02
پی ٹی آئی کے بانی رکن کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب زیرعتاب تھے تو اس وقت ان کی جماعت کو الیکشن میں پوری آزادی تھی، میاں صاحب کی طرح پی ٹی آئی سربراہ کو چیئرمین نہ بھی مانیں پھر بھی وہی اتھارٹی ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن اور معروف قانون دان حامد خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کہا تھا قمر باجوہ کو چھوڑ دیں وہ اب ریٹائر ہوگئے ہیں، بات کو نہ بڑھائیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی بانی رکن اور معروف قانون دان حامد خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 9 مئی واقعات کو چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں جوڑ سکتے، وہ تو زیرحراست تھے۔ معروف قانون دان نے بتایا کہ اب جوسلطانی گواہ بننے کو تیار ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو اسی لیے پالے جاتے ہیں، یہ لوگ پہلے کہتے تھے یہ نہیں ہوا، اب کہتے ہیں یہ ہوا ہے تو ان کی کیا کریڈیبلٹی ہے۔؟ حامد خان کا چیئرمین پی ٹی آئی سے گفتگو کے بارے میں بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا تھا عدلیہ، الیکشن کمیشن سے نہ بگاڑیں لیکن اسوقت پی ٹی آئی چیئرمین کو جو مشورے دینے والے تھے وہ بات بڑھاتے تھے، میرے سامنے تو چیئرمین اتفاق کرتے تھے لیکن بعد میں آنیوالے معاملہ الجھا دیتے تھے۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا تھا قمر باجوہ کو چھوڑ دیں وہ اب ریٹائر ہوگئے ہیں، غیرضروری لوگوں کے نام لے کر بات کو نہ بڑھائیں۔ انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی بانی رکن نے کہا کہ پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے اس کے بغیر انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہوگی۔ نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ نواز شریف جب زیرعتاب تھے تو اس وقت ان کی جماعت کو الیکشن میں پوری آزادی تھی، میاں صاحب کی طرح پی ٹی آئی سربراہ کو چیئرمین نہ بھی مانیں پھر بھی وہی اتھارٹی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2008ء کی وکلا تحریک کی طرح وکلا میں کچھ بظاہر ہمارے ساتھ ہیں مگر اندر سے نہیں، ہمیں ایسے لوگوں کا پتہ ہے، کچھ وکلا چہرہ چھپانے کیلئے 90 دن میں الیکشن کا کہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1082360