QR CodeQR Code

پرویزالہیٰ گرفتاری کیس، آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری

18 Sep 2023 11:10

عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ آئی جی اسلام آباد سے پوچھ کر بتائیں کیسے آنا چاہیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کر دی۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت نے پرویزالٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالٰہی کو رہا نہ کرنے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری  کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے صدر پرویزالٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود رہا نہ کرنے  کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

آئی جی اسلام آباد پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے جواب آیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہم نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ کیا آپ عدالتی احکامات کو ایزی لے رہے ہیں، ہم نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد میں مصروف ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ آئی جی اسلام آباد سے پوچھ کر بتائیں کیسے آنا چاہیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کر دی۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو لاہور ہائیکورٹ نے پرویزالٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری  کر دیئے اور قابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری  کر دیا۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک پیش ہونے پر عدالت نے شوکاز نوٹس واپس لے لئے۔ عدالت  نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔


خبر کا کوڈ: 1082281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1082281/پرویزالہی-گرفتاری-کیس-ا-ئی-جی-اسلام-ا-باد-کے-وارنٹ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com