QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے کراچی اور سندھ کا جو حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مصطفی کمال

17 Sep 2023 20:36

جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ جب تک ہم اپنے گھر والوں کو اس جہاد میں شامل نہیں کریں گے اس وقت تک کسی دوسرے کے دل میں ایم کیو ایم میں شامل ہونے کی چاہت پیدا نہیں ہوگی، ہمیں ایمانداری کے ساتھ اپنی قوم کیلئے اس جہاد کو لڑنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان شاہ فیصل ٹاؤن کے زیر اہتمام جنرل ورکز اجلاس سے سینٹر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ کراچی کے عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، پچھلے 15 سالوں سے اس صوبے میں قابض پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے اس شہر اور صوبے کا جو حشر کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، اس کے ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان نے اس شہر اور ملک پر 4 سال حکرانی ہونے کے باوجود اس شہر کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، اگر پی ٹی آئی یا کوئی اور جماعت اس کراچی سے مخلص ہوتی تو کراچی کے عوام کے مسائل حل کر ایم کیو ایم پاکستان کے ماضی میں کئے جانے والے کاموں بھلوا دیتی لیکن کسی کو کراچی اور اس کے عوام کی کوئی فکر نہیں، سب یہاں قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اس شہر اور صوبے کے مسائل کو کوئی حل کرنے کو تیار نہیں، آج بھی لوگ ماضی کی طرح ایم کیو ایم پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، اسی کے ساتھ اس بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی سمیت سب نے اس شہر کے ساتھ دھوکہ کیا، اس کے باوجود انہیں اس شہر کے عوام نے مسترد کردیا ہے، یہ ہمارے بائیکاٹ کے باوجود یہ اس شہر سے ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1987ء میں ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا عروج آیا اس وقت کارکنان بہت کم تھے لیکن ان کم تعداد والے کارکنان کا جذبہ جنون اور اس قوم کیلئے جدوجہد کرنے والا ہوتا تھا، وہ ایک کارکن پورے علاقے کے مسائل حل کرنے کیلئے کافی تھا، وہ ظالم کا ہاتھ روکنے والا تھا، ایسے ایماندار لوگوں کی وجہ سے ہمیں عروج ملا، اس کے بعد بہت مجمع آیا اور اس نے ہمیں شیطانی کاموں میں لگادیا، ہم وہ لوگ تھے کہ جو دیواروں پر لکھتے تھے کہ ایم کیو ایم کو کوئی خرید نہیں سکتا، ظالم ہمارے کردار سے ڈرتا تھا، ایسے لوگوں نے اپنی قوم کیلئے اپنی جانے دیں آج ہم انہی کا صدقہ کھا رہے ہیں، اگر وہ ایماندار لوگ نہیں ہوتے تو آج ہم یہاں نہیں بیٹھے ہوتے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ہم سے ہے اور خدا نہ خواستہ اگر ہم نے اپنے مقصد کو ایمانداری کے ساتھ پورا نہیں کیا تو لوگ ہمیں یاد نہیں کرینگے اور اس لاپرواہی کی وجہ سے ہماری قوم کے ساتھ زیادتی ہوگی اور ہمیں مرنے کے بعد ان تمام باتوں کا جواب دینا ہوگا، جنگ کا مقصد جیتنا ہوتا ہے اور اگر وہ جنگ آپ ہارتے ہیں تو آپ کی آنے والی نسل بھی وہ جنگ ہارتی ہے اور آپ کی آنے والی نسل اس ہار کی وجہ سے سالوں زیادتی کا شکار رہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1082173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1082173/پیپلز-پارٹی-کی-متعصب-حکومت-نے-کراچی-اور-سندھ-کا-جو-حشر-کیا-ہے-وہ-سب-کے-سامنے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com