QR CodeQR Code

کراچی بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، میئر کراچی

17 Sep 2023 20:25

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی مسائل میں اہم مسئلہ پانی ہے، شہری واٹر مافیا سے پریشان ہیں اور تقاضہ کرتے ہیں کہ پانی انہیں میسر ہو، پانی کی منصفانہ تقسیم اور چوری کو روکنے کی کوشش ہے جبکہ شہری پانی کے بل ادا کرنے کو تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کا پانی کراچی کی عوام تک کے تحت شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اس ضمن میں پاکستان رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سندھ پولیس سمیت واٹر کارپوریشن انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہر میں پانی کا شارٹ فال موجود ہے، اس کے باوجود جو بھی پانی میسر ہے اس کی منصفانہ تقسیم کر رہے ہیں، پانی چوروں سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا کیونکہ پانی پر صرف شہریوں کا حق ہے، کراچی کی عوام کا پانی ان تک پہنچائیں گے، اس ضمن میں شہر بھر میں موجود تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور غیر قانونی کنکشن منقطع کئے جائیں گے اور شہر میں فراہمی و نکاسی آب سمیت کچرے کے مسائل حل کے لیے پلان تیار کیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز واٹر کارپوریشن میں سینئر صحافیوں، چیف ایڈیٹرز، ایڈیٹرز، چیف رپورٹر اور رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انکا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی مسائل میں اہم مسئلہ پانی ہے، شہری واٹر مافیا سے پریشان ہیں اور تقاضہ کرتے ہیں کہ پانی انہیں میسر ہو، پانی کی منصفانہ تقسیم اور چوری کو روکنے کی کوشش ہے جبکہ شہری پانی کے بل ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واٹر مافیا کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا ہے اور مختلف کاروائیوں میں اب تک 70 ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہیں اور 75 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ایک اندازے کے مطابق شہر میں 150 غیر قانونی ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں۔میئر کراچی نے کہا شہر میں اس وقت سات سرکاری ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں جس کی آمدنی واٹر کارپوریشن کو ملتی ہیں، ہائیڈرنٹس پر جو پانی استعمال کیا جاتا ہے اس پر میٹرنگ سسٹم متعارف کررہے ہیں چند ہفتوں میں میٹرز نصب کردیے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1082171

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1082171/کراچی-بھر-میں-پانی-چوروں-کے-خلاف-بلا-امتیاز-کارروائیاں-جاری-ہیں-میئر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com