خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی
17 Sep 2023 12:09
وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ حکومت بی آر ٹی کو سالانہ 2 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، بی آر ٹی کرایہ میں 5 روپے اضافے کیا جائے اور بی آر ٹی کوریڈور کےاطراف میں دکانوں پر ٹیکس لگایا جائے۔
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے محکمہ خزانہ کی جانب سے بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے بی آرٹی کے کرایوں میں اضافے اور اطراف میں دکانوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ حکومت بی آر ٹی کو سالانہ 2 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، بی آر ٹی کرایہ میں 5 روپے اضافے کیا جائے اور بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف میں دکانوں پر ٹیکس لگایا جائے، کرایوں میں اضافے اور ٹیکس لگانے سے بی آر ٹی منافع بخش منصوبہ بن جائے گا۔ محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ طالب علموں، خواتین، بوڑھے اور معذور افراد کو کرایہ میں رعایت دی جائے۔ دوسری جانب نگراں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا فیروز جمال نے کہا کہ صوبے کے عوام مالی مشکلات کا شکار ہیں، مہنگائی کی صورتحال میں کرائے نہیں بڑھائے جاسکتے۔ چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیں، اس لیے تجاویز نہیں مانیں کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1082113