نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہوگئے، مریم نواز
16 Sep 2023 16:46
خیبر پختونخوا میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نون لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع۔ معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں، نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔ خیبر پختونخوا میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نون لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع۔ معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہا، پاکستان کی خوشحالی کا دور واپس آرہا ہے، نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، الحمدللہ۔ نواز شریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی انہیں سزا ملی۔ 2016ء میں عوام سے ترقی، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی، نواز شریف کیخلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی، سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو اور عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں۔ غریبوں کے دُکھ درد کا احساس کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے۔ نواز شریف وہ ہے جس کے دور میں 5 سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہ بدلی۔ نواز شریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی۔ نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی۔ لیگی رہنماء نے کہا کہ نواز شریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ نواز شریف نے 2017ء میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ نواز شریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔ نواز شریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج بجلی گیس پیٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔ مریم نواز نے کہا کہ وعدہ ہے کہ خیبر پختونخوا کی محرومیوں کو دور کرکے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے، دہشتگردی کے علاوہ معاشی دہشتگردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔
دریں اثناء مریم نواز کی زیر صدارت نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کے لیے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی قائد کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلق تیاریوں پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ ہر تنظیم بڑھ چڑھ کر نواز شریف کا استقبال کرے گی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جب ہٹایا گیا، پاکستان اور عوام کو غربت اور معاشی تکلیف ملی۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر سمیت پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ صرف نواز شریف کرسکتا ہے۔ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے پر بھارت کو 5 اگست 2019ء کرنے کی جرات ہوئی۔ پاکستان کے قومی اور خارجہ مفادات کے تحفظ کے لیے وزیراعظم نواز شریف ضروری ہے۔ سارے ڈاکٹرائن فیل ہوگئے، صرف نواز شریف ڈاکٹرائن ہی کامیاب ہوا ہے، وقت نے ثابت کیا ہے کہ معمار پاکستان صرف نوازشریف ہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1081965