QR CodeQR Code

صحبت پور میں چہلم امام حسین کے جلوس سے پابندی ہٹا دی جائے، علامہ مقصود ڈومکی

14 Sep 2023 21:25

ایس ایس پی صحبت پور سے ملاقات کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی حق ہے۔ آئین پاکستان اور انسانی حقوق کا عالمی چارٹر ہمارے اس حق کو تسلیم کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے جلوس چہلم امام حسین علیہ السلام شہر صحبت پور پر پابندی سے ملت جعفریہ میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ انتظامیہ جلوس سے پابندی ہٹا دے۔ یہ بات انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ ایس ایس پی صحبت پور دوست محمد بگٹی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم ضلع صحبت پور کے صدر سید شاہد شاہ، غلام حسین شیخ، مولانا اختر رضوانی، صدر انجمن پیروان امام حسین علیہ السلام سید محسن شاہ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ گزشتہ 11 سال سے جاری روایتی جلوس چہلم امام حسین علیہ السلام شہر صحبت پور پر پابندی سے ملت جعفریہ میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔

عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی حق ہے۔ آئین پاکستان اور انسانی حقوق کا عالمی چارٹر ہمارے اس حق کو تسلیم کرتا ہے۔ بلوچستان کی صوبائی حکومت اور صحبت پور ضلعی انتظامیہ جلوس چہلم سے پابندی ہٹائے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس پورے پاکستان اور پوری دنیا میں نکلتے ہیں۔ صحبت پور انتظامیہ کو جلوس عزاء میں مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی دوست محمد بگٹی نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق عشرہ محرم الحرام کی مجالس عزاء اور جلوس میں مکمل تعاون کرتی ہے۔ چہلم کے جلوس عزاء کے اجازت نامے کے لئے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا جائے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایس ایس پی دوست محمد بگٹی کو کتاب بلوچ تاریخ کا تحفہ دیا۔


خبر کا کوڈ: 1081678

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1081678/صحبت-پور-میں-چہلم-امام-حسین-کے-جلوس-سے-پابندی-ہٹا-دی-جائے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com